امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب بتائیں کہ نالوں کی صفائی کیوں نہیں ہوئی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ بارش کے بعد گٹر ابلنے لگتے ہیں، لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے کوئی محکمہ نظر نہیں آیا۔ ریڈ لائن کے نام پر یونیورسٹی روڈ کھود دیا، مختلف سڑکیں بھی تباہ حال ہیں۔
منعم ظفر نے کہا کہ کل تک اردو بازار مارکیٹ سے پانی نہیں نکلا تھا، 5 ماہ سے اورنگی ٹاؤن میں پانی نہیں آرہا، پانی کے ٹینکر مہنگے مل رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ حب ڈیم کینال بننے سے پہلے ہی اس میں دراڑیں پڑ گئیں، 22 سال میں یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوا۔
منعم ظفر نے کہا کہ کراچی کو 500 ارب روپے وفاقی حکومت دے، ہر ٹاؤن کو صوبائی حکومت 2 ارب روپے دے، سندھ میں اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب بتائیں کہ یہ کیا چل رہا ہے؟ عباسی شہید اسپتال میں ڈاکٹرز تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج کر رہے ہیں، نہ آپ نے ہاؤس آفیسرز کی تنخواہ بڑھائی نہ ہی دے رہے ہیں۔