• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علیمہ خان کے بیٹے نے غلطی نہیں کی تو باہر کیوں بھاگے؟ طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ علیمہ خان کے بیٹے نے غلطی نہیں کی تو باہر کیوں بھاگے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ علیمہ خان نے اپنے بیٹے کو ملک سے فرار کرایا، بتایا جائے کیا بانی پی ٹی آئی کے بھانجے قانون سے بالا ہیں؟

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے عدالتی فیصلے پر پی ٹی آئی واویلا کر رہی ہے، سزائیں مکمل تفتیش کے بعد سنائی گئیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا کام ہی انتشار پھیلانا ہے، آپ سے ناانصافی نہیں ہوئی، 9 مئی کو آپ نے ظلم کیا، پی ٹی آئی کارکنوں نے شہداء کی یادگاروں کو جلایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی سربراہی میں 9 مئی کی منصوبہ بندی کی گئی جبکہ بانی چیئرمین اور اُن کی پارٹی کو گڈ ٹو سی یو کے ماحول میں سہولت کاری ملی۔

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں احتجاج کی اجازت ہے، بغاوت کی نہیں، جس کسی نے بھی قانون توڑا ہے اسےقانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی توڑ پھوڑ کے بعد اپنی فتح کا اعلان کرتی رہی، تاریخ میں پہلی دفعہ کسی سیاسی جماعت نے انتشاری جماعت بن کر 9 مئی سانحہ کیا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ سیاسی جماعت کو جب تک ڈکٹیٹر بن کر چلائیں گے کوئی آپ کی بات نہیں مانے گا، ریاست کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی، احتجاج کریں، انتشار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے احتجاج کے لیے اہداف مقرر کیے گئے، دفاعی تنصیبات پر حملے ہوئے، شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنایا گیا، اُن کی بے حرمتی کی گئی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خطوط لکھ کر ملک دشمنی کی گئی، 9 مئی کو جو کچھ ہوا اُس کے شواہد موجود ہیں، ملوث افراد کو عدالتوں نے سزائیں سنائیں۔

قومی خبریں سے مزید