• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالیہ بھٹ اپنے بنگلے کی وائرل ویڈیو پر پھٹ پڑیں

بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ—فائل فوٹو
بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنی اور رنبیر کپور کی ذاتی رہائش گاہ کرشنا راج بنگلے کی وائرل ہونے والی ویڈیو پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ بیان جاری کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ چند سالوں سے بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کو اکثر بیٹی راحہ یا رنبیر کی والدہ نیتو کپور کے ہمراہ پالی ہل میں اپنے نئے بنگلے کا دورہ کرتے ہوئے دیکھا جاتا رہا ہے۔


راج کپور کی مشہور کرشنا راج پراپرٹی کی جگہ پر تعمیر کیا گیا یہ 6 منزلہ بنگلہ 3 سال سے زیرِ تعمیر ہے لیکن حال ہی میں 250 کروڑ روپے کی اس رہائش گاہ کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد ایسی رپورٹس سامنے آئیں کہ رنبیر اور عالیہ اپنی بیٹی کے ساتھ نئے گھر میں منتقل ہو گئے ہیں، عالیہ نے اب اپنے گھر کی ویڈیو کی تشہیر پر تنقید کرتے ہوئے اسے پرائیویسی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں عالیہ بھٹ نے لکھا ہے کہ میں سمجھتی ہوں کہ ممبئی جیسے شہر میں جگہ محدود ہے، کبھی کبھی آپ کی کھڑکی سے نظر آنے والا منظر کسی دوسرے شخص کا گھر ہوتا ہے لیکن یہ کسی کو بھی ذاتی رہائش گاہوں کی ویڈیو بنانے اور ان ویڈیوز کو آن لائن کرنے کا حق نہیں دیتا، ہمارے زیرِ تعمیر گھر کی ایک ویڈیو ہماری لاعلمی اور بغیر اجازت کے ریکارڈ کی گئی اور متعدد پبلیکیشنز نے اسے پھیلایا، جو پرائیویسی کی صریح خلاف ورزی اور ایک سنگین سیکیورٹی مسئلہ ہے، کسی کی ذاتی جگہ کی بغیر اجازت فلم بندی یا تصویر کشی کرنا کانٹینٹ نہیں ہے، یہ ایک خلاف ورزی ہے، اسے کبھی بھی معمول نہیں بنایا جانا چاہیے۔


انہوں نے کہا ہے کہ اس کے بارے میں سوچیں، کیا آپ برداشت کریں گے کہ آپ کے گھر کے اندر کی ویڈیوز آپ کی لاعلمی میں عوامی طور پر شیئر کی جائیں؟ ہم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں کرے گا، تو یہاں ایک عاجزانہ لیکن پرزور درخواست ہے کہ اگر آپ کو آن لائن ایسا مواد نظر آئے تو براہِ کرم اسے آگے فارورڈ یا شیئر نہ کریں اور میڈیا میں ہمارے دوستوں سے جنہوں نے یہ تصاویر اور ویڈیوز چلائی ہیں میں گزارش کرتی ہوں کہ انہیں فوری طور پر ہٹا دیں، شکریہ۔

انٹرنیٹ صارفین عالیہ بھٹ کی پوسٹ پر منقسم نظر آ رہے ہیں، ایک ناراض مداح نے لکھا ہے کہ ہاں! وہ ویڈیو پرائیویسی کی مکمل خلاف ورزی ہے، اب کیا انہیں پردے لگی کھڑکیوں کے پیچھے رہنا پڑے گا تاکہ ان کی تصویر نہ کھینچی جا سکے؟ یہ جینے کا کوئی طریقہ نہیں ہے، یہ واقعی افسوس ناک ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ یہ مسئلہ حل ہو گا، پاپارازی تو سن لیں گے لیکن عام آدمی نہیں سنے گا۔

ایک اور انٹرنیٹ صارف نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پہلے کئی بار پاپارازی کو اپنے زیرِ تعمیر گھر پر کیوں بلایا؟ اگر وہ واقعی پرائیویسی چاہتے تھے، تو انہیں نہیں کرنا چاہیے تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید