خصوصی تعلیم کے فروغ کے لیے پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی تعاون (کامسٹیک) اور آئیڈا ریو اسکولز کے اشتراک سے ماسٹر ٹرینر پروگرام کے دوسرے بیچ کی افتتاحی تقریب خصوصی طلبہ کے لیے قائم اسکول آئیڈا ریو میں منعقد ہوئی۔
یہ ادارہ پاکستان میں خصوصی تعلیم کے شعبے میں اپنی طویل خدمات اور ’’معذوری کو صلاحیت میں بدلنے‘‘ کے عزم کی وجہ سے ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔
اس پروگرام کی قیادت آئیڈا ریو اسکولز کی صدر ڈاکٹر نادرہ پنچوانی کر رہی ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نادرہ پنجوانی نے مہمانوں اور اس بار منتخب ہونے والے امیدواروں کو خوش آمدید کہا۔
اس بیچ میں نائیجیریا، یوگنڈا، گیمبیا اور کینیا سے تعلق رکھنے والے اساتذہ شامل ہیں، تین ماہ پر محیط اس تربیت میں شرکا کو بصارت اور سماعت سے محروم بچوں کی تعلیم کے لیے جدید آلات اور تدریسی تکنیک پر عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک نے اپنے خطاب میں نادرہ پنچوانی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پہلے بیچ کی کامیابی اور مثبت نتائج اس پروگرام کی افادیت کو ثابت کرتے ہیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ مستقبل میں آئیڈا ریو اسکول میں ایک او آئی سی تربیتی سینٹر برائے خصوصی تعلیم قائم کیا جائے، جو 57 مسلم ممالک میں خصوصی تعلیم کے اساتذہ کے لیے مستقل تربیتی مرکز کا کردار ادا کرے گا۔
یہ پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ او آئی سی کے رکن ممالک میں خصوصی تعلیم کے فروغ اور معذور بچوں کے بہتر مستقبل کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔
تقریب میں آئیڈا ریو اسکول کے طلبہ نے قومی نغمے پیش کیے، جسے شرکا نے بے حد سراہا۔