• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تامل اداکارہ لکشمی مینن عام شہری کے اغواء اور تشدد کیس میں نامزد

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارت تامل اور ملیالم فلموں کی مشہور اداکارہ لکشمی مینن کو ایک آئی ٹی پروفیشنل کے اغواء اور تشدد کے مقدمے میں بطور مرکزی ملزمہ نامزد کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کے شہر کوچی میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس کی وائرل ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر معاملے کو مزید متنازع بنادیا ہے جس کے بعد اداکارہ لکشمی کو مقدمے میں نامزد  کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کوچی میں بانر جی روڈ پر واقع ایک بار میں جھگڑا شروع ہوا جہاں اداکارہ کے دوستوں اور متاثرہ آئی ٹی ملازم کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ 

بعد ازاں متاثرہ نوجوان جب اپنی گاڑی میں واپس گھر کی جانب جا رہا تھا تو ملزمان نے نارتھ برج کے قریب اس کی گاڑی کو روکا اور اسے ہراساں کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ کو زبردستی ایک اور گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم علاقے میں لے جایا گیا جہاں اس پر مبینہ طور پر تشدد کیا گیا۔

شمالی پولیس نے اس معاملے میں اب تک تین افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں اداکارہ کا ایک قریبی دوست بھی شامل ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں لکشمی مینن کو بھی دیگر افراد کے ساتھ متاثرہ لڑکے کی گاڑی روک کر اس کے ساتھ بحث و تکرار میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید