بالی ووڈ کے مشہور اداکار گوندا اور سنیتا کی علیحدگی کی افواہوں پر اداکار کا پہلی بار ردِعمل سامنے آگیا۔
گوندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی علیحدگی کی خبریں کافی عرصے سے گردش کر رہی ہیں، 2024ء کے آخر میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ سنیتا نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔
ان افواہوں کو مزید ہوا اس وقت ملی جب سنیتا نے اپنے بیانات میں گوندا کے رویے پر اشارے دیے، مگر بعدازاں دونوں مشترکہ طور پر ایک تقریب میں ساتھ نظر آئے جس کے بعد قیاس آرائیوں میں کچھ کمی آئی۔
اب پہلی بار گوندا نے میڈیا کے سامنے اس معاملے پر لب کشائی کی ہے۔
انہوں نے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ مجھے جو بھی ملا ہے میری اس کی بھی اوقات نہیں تھی، یہ سب ماں کا آشیرواد ہے آپ مجھے کبھی بھی کسی عورت کی مخالفت یا بےعزتی کرتے نہیں دیکھیں گے۔
گوندا نے مزید کہا کہ خواہ کتنا بھی پیسہ یا شہرت کیوں نہ مل جائے، مرد کی اصل قسمت اس کے گھر کی دیوی یعنی بیوی سے جڑی ہوتی ہے۔
تقریب میں سنیتا آہوجا بھی اپنے شوہر کے ساتھ موجود تھیں، انہوں نے فوٹوگرافرز سے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میرا پتی صرف میرا ہے۔
ایک انٹرویو میں سنیتا نے مزید کہا کہ اگر واقعی کچھ غلط ہوتا تو ہم دونوں اس قدر قریب نہ دکھائی دیتے۔