اسلام آباد (فاروق اقدس) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم 15اور 16نومبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرینگے۔ اپنے قیام کے دوران شاہ عبداللہ دوم صدرِ پاکستان اور وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا جائیگا۔ ایوانِ صدر میں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد ہوگی، جس میں شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کا اعلٰی ترین سول ایوارڈ عطا کیا جائے گا۔ شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دو طرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ذرائع کے مطابق شاہ عبداللہ دوم اپنے ایشیائی دورے کے سلسلے میں دو روزہ دورے پر انڈونیشیا میں موجود ہیں۔ اس دورے میں جاپان، ویتنام اور سنگاپور کے قیام بھی شامل تھے، جب کہ دورے کا اختتام پاکستان میں ہو گا۔