اسلام آباد (افضل بٹ )آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کے فیصلہ کن راؤنڈ میں وزیر اعظم انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد قانون ساز اسمبلی مظفر آباد میں پیش کر دی گئی جبکہ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو متبادل وزیر اعظم نامزد کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کیلئے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 17 نومبر پیر کو مظفر آباد میں طلب کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم انوارالحق نے کشمیر کے آئینی، نظریاتی اور جمہوری ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور وہ اپنے انداز حکمرانی اور انتشاری طرز عمل کی وجہ سے اراکین اسمبلی کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں۔