• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ذریعے اربوں روپے ہڑپ کر لیے گئے: حافظ نعیم الرحمان

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمیں کچرا اٹھانے کے پیسے دینے پڑتے ہیں، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ذریعے اربوں روپے ہڑپ کر لیے گئے، ہر صوبے میں بااختیار بلدیاتی نظام نافذ کیا جانا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بارش سے پورا شہر متاثر ہوا، اربن فلڈنگ ہوئی، یہ نااہلی نالائقی اور لوٹ مار کی وجہ سے ہے، پاکستان میں 67 فیصد ٹیکس کراچی ادا کرتا ہے، قبضہ کر کے میئر شپ پیپلز پارٹی کو دی گئی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مد میں جو پیسے آپ کو ملے ہیں ان کا حساب دیں، یہ لوگ فنڈز کھا جاتے ہیں اور کچھ نہیں کرتے، لوٹ مار کا سسٹم کراچی سے کشمور تک پایا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بتائیں کہ کراچی میں اربن فلڈنگ کا ذمے دار کون ہے، ان کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 2001ء کا بلدیاتی نظام پورے ملک میں واپس لایا جائے، بیوروکریسی کو بلدیاتی اداروں کے ماتحت کیا جائے، اس وقت سارا قبضہ وڈیروں اور جاگیر داروں کا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ان سے بات کرو تو یہ اسے لسانی رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں سیلابی صورت حال تشویشناک ہے، بھارت نے آبی جارحیت کا ارتکاب کیا ہے، ریلے دیہات میں داخل ہو چکے، اب ان کا رخ شہروں کی جانب ہے، پنجاب میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، الخدمت فاؤنڈیشن اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے، کے پی کے میں کلاؤڈ برسٹ ہوا اس سے بڑی تباہی ہوئی، جماعت اسلامی کے کارکنوں نے وہاں بھی خدمت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں الخدمت کے آپریشن کو بڑھائیں گے، سندھ کے بالائی علاقوں میں ریلے داخل ہونے کا اندیشہ ہے، سکھر بیراج کی صفائی کا کام نہیں ہو سکا، پورا سندھ خطرے کی لپیٹ میں ہے اور اس کی وجہ کرپشن ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نوجوانوں سے پھر کہتا ہوں کہ وہ الخدمت کے رضاکار بن جائیں، جماعت اسلامی کے ٹاؤن میں لوگوں کی خدمت کی جا رہی ہے، انتظامی یونٹ ہونے چاہئیں مگر اس وقت ان باتوں کو چھیڑنا عوام کو لڑانے جیسا عمل ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ چند روز پہلے دورہ ایران میں صدر، علما، دانشوروں، طلبہ اور دیگر سے ملاقات ہوئی، ایرانی قوم کا جذبہ دیکھا کہ کس طرح انہوں نےاسرائیل کو شکست دی،  پاکستان اور ایران کے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں، اسرائیل ایران جنگ میں ایرانی قوم پاکستانی حکومت اور قوم کی شکر گزار ہے، فلسطین سے متعلق ایران کا کردار قابل قدر ہے۔

 ان کا کہنا تھا اسرائیل کی جارحیت کے خلاف ایران کا مضبوط کردار ہے، ایران اور پاکستان کی قربت امت مسلمہ کے لیے ضروری ہے۔

قومی خبریں سے مزید