• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑی تنصیبات کو محفوظ کرنے کیلئے بند توڑے جارہے ہیں: عظمیٰ بخاری

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بڑی تنصیبات کو محفوظ کرنے کے لیے بند توڑے جارہے ہیں امید ہے کہ ڈھائی لاکھ کیوسک پانی راوی اور شاہدرہ سے گزر جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے تین دریاؤں میں سیلابی صورتِ حال ہے۔ علاقہ مکینوں کو پہلے محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے، پھر بڑی تنصیبات کو محفوظ کرنے کے لیے حفاظتی بند توڑے جا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ ہیڈ قادر آباد کی گنجائش 9 لاکھ ہے، مگر ساڑھے 9 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرا، ہیڈ قادر آباد میں پانی کی سطح میں کمی شروع ہوگئی ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہم صورتحال کے لیے ابھی بھی تیار ہیں، بھارت میں ایک آدھ ڈیم ٹوٹا ہے، مزید کتنے کیوسک پانی آئے گا، اس کی پیش گوئی کرنا مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگوں کو 2 گھنٹے میں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، تیاری تھی تو اتنے کم وقت میں اتنے سارے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سالوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے سیالکوٹ کی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کی صورتحال ہوئی، فیک ویڈیوز سوشل میڈیا پر لگائی گئیں کہ سیالکوٹ میں دیوار ٹوٹی اور پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں ایم ڈی واسا کو معطل کردیا گیا ہے۔ سیالکوٹ اور گجرات میں زمین کچھ پیالے نما ہے، چند گھنٹوں میں سیالکوٹ میں پانی کی نکاسی کی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ میں ایک فیملی نے اپنے طور پر انخلا کی کوشش کی تو بدقسمتی سے حادثہ پیش آیا۔ شہری ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کریں، اپنے طور پر کسی ایڈونچر کی کوشش نہ کریں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر آباد شہر میں حالات معمول کے مطابق ہیں، وزیر آباد کی مرکزی شاہراہ سے پانی اتر چکا ہے۔ 

قومی خبریں سے مزید