• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

40 فیصد بھارتی خواتین خود کو محفوظ نہیں سمجھتیں، قومی رپورٹ

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بھارت میں خواتین کے تحفظ کے حوالے سے نیشنل اینوئل رپورٹ اینڈ انڈیکس (این اے آر آئی) کے مطابق 40 فیصد خواتین خود محفوظ نہیں سمجھتی ہیں۔

این اے آر آئی 2025 کی رپورٹ ان پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتی ہے جو سرکاری اعداد و شمار بیان کرنے سے قاصر ہیں، اس میں صرف کیسز کو شمار نہیں کیا جاتا بلکہ غیر رپورٹ شدہ ہراسانی، اس کے سیاق و سباق اور روزمرہ زندگی کے تجربات شامل ہوتے ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رپورٹ شدہ جرائم کے اعداد و شمار سے ہٹ کر خواتین کے تحفظ سے متعلق اس قومی انڈیکس نے یہ انکشاف کیا کہ بھارت کے شہری علاقوں میں 40 فیصد خواتین خود کو غیر محفوظ سمجھتی ہیں۔

نیشنل اینوئل رپورٹ اینڈ انڈیکس برائے تحفظ خواتین 2025 بھارت بھر کی تمام ریاستوں کے 31 شہروں کی 12770 خواتین کی آراء کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2024 میں 7 فیصد خواتین نے کہا کہ انھیں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، ان میں سب سے زیادہ خطرے سے دوچار 18 سے 24 برس کی عمر کی خواتین تھیں۔ 

یہ خواتین کے خلاف جرائم کے رپورٹ شدہ کیسز کی تازہ ترین نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کی 2022 کی تعداد سے 100 گنا زیادہ ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق ہراسانی میں سڑکوں پر چلنے والی خواتین کو گھورنا، آوازیں کسنا، فحش تبصرے کرنا اور چھونا شامل ہے۔ اس کی وجہ ناقص بنیادی ڈھانچہ، ناکافی روشنی اور ناکارہ پبلک ٹرانسپورٹ ہے۔

رپورٹ کے مطابق کولکتہ، دہلی، رانچی، سری نگر، فرید آباد اور دیگر شہر خواتین کے لیے انتہائی غیر محفوظ ہیں جبکہ ممبئی، وشاکھاپٹنم (آندھرا پردیش)، بھوبنیشور (اوڑیسہ)،  کوہیما (ناگالینڈ)، ایزول (میزو رام)، گنگٹوک (سکم)، اور ایتاناگر (آرونا جل پردیش) کو محفوظ شہروں میں شمار کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید