کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر) پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے دورے کے موقع پر ایک سرکاری تقریب کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کو عروج بخشنے والی اور کئی سپر ہٹ فلموں کی سدا بہار اداکارہ شبنم کی فنکارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ لیجنڈری اداکارہ کی غیر معمولی اداکاری کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شبنم نے دنیا میں پاکستانی فلم انڈسٹری کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اداکارہ شبنم سے ملاقات اور گفتگو بھی کی۔ انہوں نے پاکستان میں فنونِ لطیفہ کے لیے شبنم کی خدمات کو سراہا اور ماضی کی پاکستانی فلمی صنعت کے عروج میں ان کے کردار کو تسلیم کیا۔ کئی دہائیوں تک پاکستان کی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی منجھی ہوئی اداکارہ شبنم نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے درخواست کی کہ وہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین ہوائی سفر کو آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان سے اکثر اپنے فینز کی کالز آتی ہیں اور وہ یہ پوچھتے ہیں کہ آپ کراچی اور لاہور آرہی ہیں۔