• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس وقت کوئی ایمرجنسی نہیں کہ فوج کو بلایا جائے: شرجیل میمن

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیر اطلاعات سندھ  شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اس وقت کوئی ایمرجنسی نہیں کہ فوج کو بلایا جائے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتِ حال کو سپر فلڈ کی طرح ڈیل کر رہے ہیں، سندھ میں 9 لاکھ کیوسک تک پانی آنے کی اُمید ہے، صوبے کے 15 اضلاع دریا کے اطراف ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ گڈو کی گنجائش 12 لاکھ، سکھر بیراج کی 9 لاکھ اور کوٹری بیراج کی 6 لاکھ کیوسک ہے، ڈیٹا کے مطابق فی الحال چیلنجنگ صورتِ حال نہیں ہے، اگر بارش نہیں ہوتی تو صورتِ حال معمول پر رہنے کی توقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ پانی بیراجوں کی گنجائش کے مطابق ہی آنا ہے، ابھی کوئی صورتحال ایسی نہیں کہ کہیں بند میں شگاف ڈالنا پڑے۔ ممکنہ سیلابی صورت حال پر حکومت سندھ متحرک ہے، صوبائی وزراء فیلڈ پر موجود ہیں اور ضلعی انتظامیہ متحرک ہے، ممکنہ سیلاب کی صورت میں 1657 گاؤں اور 16 لاکھ افراد متاثر ہو سکتے ہیں

انہوں نے کہا کہ مختلف مقامات پر ریلیف کیمپس کے لیے 551 پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے، لائیو اسٹاک کے لیے علیحدہ کیپمس لگائے ہیں، مختلف مقامات پر 300 کیمپس مال مویشی کے لیے لگائے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ہر 3 گھنٹے کے بعد بیراجوں میں پانی کے اخراج و آمد سے متعلق معلومات شیئر کریں گے، حکومت کی مشینری کچے کے علاقوں میں موجود ہے، کچے کے علاقوں میں رہنے والوں کو صورتِ حال کا زیادہ معلوم ہوتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید