• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹے کو بچانے کیلئے ماں سیلابی ریلے میں کود گئی، گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق

بیٹے کو بچانے کےلیے ماں سیلابی ریلے میں کود گئی، گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی، اولاد ماں کے غم میں بے حال ہے۔

وزیر آباد کے علاقے سوہدہ میں سیلابی ریلے میں ڈوبنے سے جاں بحق خاتون کے بیٹے کا کہنا ہے کہ وہ پھسل کر سیلابی ریلے میں گرا تو والدہ اسے بچانے کے لیے بے دھڑک پانی میں کود گئيں اور خود کو سنبھال نہ سکيں۔

خیال رہے کہ دریائے چناب اور نالہ پلکھو کے سیلابی پانی سے وزیر آباد کے 20 سے زائد دیہات ماثر ہوئے ہيں، گھروں میں پانی داخل ہونے اور دیہات زیر آب ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

وہاڑی شہر اور گرد و نواح میں بارش ہورہی ہے دریائے ستلج میں سیلاب کے باعث متاثرین بے گھر ہوگئے۔

موضع میاں حاکم کے متاثرہ افراد اپنے مال مویشیوں کے ساتھ کھلے آسمان رات گزارنے پر مجبور ہوگئے، متاثرین میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، بے آسرا متاثرین امداد کے منتظر ہیں۔ 

ملتان میں سیلاب سے تحصیل شجاع آباد کی فصلوں میں پانی داخل ہوگیا، 140 دیہات پانی سے متاثر ہوئے۔

دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ پر پانی کے بہاؤ میں کمی آئی، بلوکی ہیڈ ورکس پر اضافہ ہوگیا، پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 11 ہزار کیوسک سے اوپر چلا گیا، تمام اسپل ویز کھول دیے گئے، اطراف کے کئی گاؤں اور مویشی متاثر ہوگئے، ہزاروں ایکڑ پر فصلیں تباہ ہوگئیں۔

نارووال میں نہر ایم آر لنک کا بند ٹوٹ گیا، نہری پانی قریبی گاؤں میں داخل ہوگیا، 20 کے قریب دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ننکانہ صاحب میں ہفت مدر کے قریب بند میں شگاف پڑگیا، پانی شہری علاقے کی جانب بڑھنے کا خدشہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید