پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی معاشرے کے دباؤ میں آ کر شادی نہیں کریں گی۔
مایا علی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے معاشرے کی جانب سے خواتین پر شادی کے لیے ڈالے جانے والے دباؤ کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمیں صرف اس لیے شادی نہیں کرنی چاہیے کہ کوئی ہم سے مسلسل یہ سوال پوچھ رہا ہے کہ’ہم نے ابھی تک شادی کیوں نہیں کی؟‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ لوگ اکثر خواتین پر یہ کہہ کر شادی کرنے کا دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ بوڑھی ہو گئی ہیں یا پھر یہ کہتے ہیں کہ زندگی میں خوش رہنے کے لیے شریک حیات کا ہونا ضروری ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شادی دو خاندانوں اور دو افراد کے درمیان زندگی کا ایک بڑا فیصلہ ہوتا ہے اور اس رشتے میں سب سے اہم چیز تعلق ہے۔
مایا علی نے کہا کہ جس دن مجھے کوئی ایسا شخص مل جائے گا جس کے ساتھ میرا اس طرح کا تعلق بنے کہ مجھے محسوس ہو کہ اس سے مجھے شادی کرنی چاہیے تو پھر میں شادی ضرور کروں گی لیکن لوگوں کے دباؤ میں آ کر میں کبھی شادی نہیں کر سکتی۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم زندگی میں باقی چیزوں کے بارے میں یہ کہتے ہیں کہ سب کچھ اللّٰہ کی مرضی سے ہوتا ہے تو شادی بھی اللّٰہ کا فیصلہ ہے اور یہ بھی تب ہی ہوگی جب اللّٰہ کی رضا ہوگی۔