بھارتی مصنف امیش ترپاٹھی نے بالی ووڈ پر تاریخ کو مسخ کرنے کا الزام لگادیا۔
ممبئی میں امیش ترپاٹھی نے اپنی نئی کتاب ’دی چولا ٹائیگرز، ایوینجرز آف سومناتھ‘ کی تقریب میں بالی ووڈ پر تاریخ مسخ کرنے کا الزام لگایا اور کچھ بڑی فلموں کا نام بھی لیا۔
انہوں نے پدماوت اور جودھا اکبر کو بطور مثال پیش کیا اور کہا کہ ان میں حکمرانوں کو غیر حقیقت پسندانہ انداز میں اسکرین پر دکھایا گیا۔
بھارتی مصنف نے مزید کہا کہ اکبر اور خلجی جیسے حکمرانوں کو فلموں میں غلط انداز میں پیش کیا گیا، اُس دور میں اردو زبان رائج نہیں تھی بلکہ حکمران فارسی یا ترکی بولتے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ نے ایسے تاریخی کرداروں کو پیش کرکے عوام کو گمراہ کیا، فلمی صنعت کی ذمے داری ہے کہ وہ تاریخ کو درست انداز میں دکھائے کیونکہ فلمیں لوگوں کی سوچ اور علم پر اثر ڈالتی ہیں۔
امیش ترپاٹھی نے یہ بھی کہا کہ بالی ووڈ کی غلط بیانی کا نوٹس لینا چاہیے، وسطی ایشیا سے تعلق رکھنے والے ان حکمرانوں کو مقبول اداکاروں کے ذریعے پیش کرنا تاریخ کو بگاڑنے کے مترادف ہے۔
فلم پدماوت میں خلجی کا کردار رنویر سنگھ نے نبھایا تھا، فلم سنجے لیلا بھنسالی نے بنائی تھی، جس میں مرکزی کردار دیپیکا پڈوکون نے ادا کیا تھا۔
فلم جودھا اکبر میں آشوتوش گواریکر نے ریتک روشن سے اکبر کا کردار کروایا تھا جبکہ مرکزی فنکاروں میں ایشوریا رائے بچن بھی شامل تھیں، فلم بینوں نے دونوں فلموں میں اداکاروں کی پرفارمنس کو خوب سراہا گیا تھا۔