• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: ممبئی کے قریب مسلمانوں کے نئے رہائشی پروگرام پر ہندو انتہا پسندوں کا ہنگامہ

کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا
کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی شہر ممبئی کے علاقے نیرل میں مسلمانوں کے نئے رہائشی منصوبے پر ہندو انتہا پسندوں نے طوفان برپا کر دیا ہے۔

بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ایک تشہیری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نئے رہائشی منصوبے کو ’حلال لائف اسٹائل ٹاؤن شپ‘ کا نام دیا گیا ہے جس پر مختلف سیاسی جماعتوں نے اعتراض اٹھایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ یہ رہائشی منصوبہ مخصوص مذہبی طبقے کو مضبوط کرنے کی کوشش ہے۔

سوشل میڈیا پر وائل ویڈیو میں ایک باحجاب خاتون کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ یہ ٹاؤن شپ ’حقیقی کمیونٹی لائف‘ فراہم کرتی ہے جہاں یکساں سوچ رکھنے والے خاندان رہ سکیں گے۔ بچے ’حلال ماحول‘ میں پروان چڑھیں گے اور نماز و کمیونٹی سرگرمیوں کے لیے رہائش کے قریب ہی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق قومی کمیشن برائے تحفظ حقوقِ طفل (NCPCR) کے چیئرمین پرینک کانونگو نے اس وائرل ویڈیو کو اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسے ’قوم کے اندر قوم‘ قرار دیا ہے۔

پرینک کانونگو نے یہ بھی کہا ہے کہ اُنہوں نے مہاراشٹرا حکومت کو نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔

دوسری جانب ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے ترجمان کرشنا ہیگڑے نے بھی مذکورہ منصوبے پر سوال اٹھاتے ہوئے ویڈیو کو ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور ریاستی حکومت سے تحقیقات کی اپیل کی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید