بھارتی کرکٹ میں ایک پرانی ویڈیو نے نیا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پانچ سال پرانی وائرل ویڈیو میں سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان کو ایم ایس دھونی کی کپتانی کے دور میں ٹیم سے باہر ہونے سے متعلق بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے پہلے حصے میں عرفان، ٹیم کے ساتھ کپتان دھونی کے ساتھ اپنی پوزیشن اور پرفارمنس پر بات چیت کا ذکر کرتے ہیں جبکہ بعد میں وہ کہتے ہیں کہ میری عادت نہیں کہ کسی کے کمرے میں بیٹھک لگاؤں یا فضول باتیں کروں، سب جانتے ہیں، کبھی کبھار بہتر ہے کہ خاموش رہا جائے، کھلاڑی کا اصل کام میدان میں پرفارم کرنا ہے اور میں نے ہمیشہ اسی پر توجہ دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان پٹھان کا یہ جملہ سوشل میڈیا پر براہِ راست ایم ایس دھونی کے ساتھ جوڑ دیا گیا جس کے بعد ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی۔
یاد رہے کہ عرفان پٹھان نے 2012ء میں اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلا تھا جس میں اُنہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس کے باوجود اِنہیں دوبارہ ون ڈے کھیلنے کا موقع نہیں دیا گیا، اس فیصلے پر دھونی پر کھلاڑیوں کو نظرانداز کرنے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔
اب سابق ٹیسٹ کرکٹر یووراج سنگھ کے والد، یوگراج سنگھ نے بھی اسی معاملے پر کُھل کر بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف عرفان ہی نہیں بلکہ گوتم گمبھیر، وریندر سہواگ اور ہر بھجن سنگھ نے بھی دھونی کی کپتانی میں اپنے ساتھ ہونے والے بُرے سلوک پر بات کی تھی۔
یوگراج نے اسپورٹس کے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا، ’یہ صرف عرفان پٹھان کی بات نہیں ہے، آپ نے گوتم گمبھیر کو اس پر بولتے سنا ہوگا، سہواگ نے بھی کُھل کر بات کی، ہر بھجن نے بھی بتایا تھا کہ اسے ٹیم سے ایسے نکالا گیا جیسے دودھ میں سے مکھی کو نکالا جاتا ہے، اس پر ایک جُیوری بننی چاہیے کہ دھونی نے ایسا کیوں کیا۔‘
یوگراج سنگھ نے دھونی کے ساتھ ساتھ کپیل دیو اور بشن سنگھ بیدی پر بھی سنگین الزامات عائد کیے۔
یوگراج سنگھ کے مطابق بھارتی ٹیم کے کپتان کھلاڑیوں کے ساتھ ’توہین آمیز سلوک‘ روا رکھتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق کرکٹر یوگراج سنگھ ماضی میں بھی دھونی اور کپیل دیو پر تنقید کرتے رہے ہیں، ایک انٹرویو میں اُنہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ایک بار ایم ایس دھونی نے ٹیم سے نکالے جانے پر غصے میں آ کر بندوق کپل دیو کے سر پر رکھ دی تھی۔
ماضی میں دیے گئے ایک انٹویو میں یوگراج سنگھ نے کہا تھا، ’میں بشن سنگھ بیدی، کپل دیو اور ایم ایس دھونی کے بارے میں بات کرتا ہوں کیونکہ میں ان کے ساتھ رہا ہوں، اِنہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ برا سلوک کیا، جو غلط ہے وہ غلط ہے، میں کُھل کر کہتا ہوں کہ ہمارے کرکٹرز اور ٹیم کو ہمارے اپنے کپتانوں نے تباہ کیا۔‘