ماضی کی معروف گائیگ منی بیگم کی مشہورِ زمانہ غزل ’ایک بار مُسکرا دو‘ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو سوشل میڈیا صارفین کے درمیان اداکارہ حبا بخاری کی عمر کو لے کر نئی بحث چھڑ گئی۔
ان دنوں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر منی بیگم کی غزل پیش کرتے ایک ویڈیو صارفین کی توجہ کا مکز بنی ہوئی ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں موجودہ دور کے مختلف سینئر فنکار موجود ہیں، ان کے درمیان نوجوان اداکارہ ’حبا بخاری‘ کو دیکھ کر مداح حیران رہ گئے اور ان کی عمر پر تبصرے کرنے لگے۔
بلاشبہ حبا بخاری کا شمار موجودہ دور کی بہترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، تاہم پی ٹی وی کی کئی برسوں پرانی ویڈیو میں انہیں دیکھ کر صارفین اس کشمکش میں مبتلا ہیں کہ یہ حبا بخاری ہی ہیں یا پھر ان کی کوئی ہمشکل ہیں۔
دہائیوں پرانی ویڈیو میں حبا بخاری سے مماثلت رکھنے والی نوجوان لڑکی کو دیکھ کر بعض صارفین یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ممکنہ طور پر یہ حبا بخاری کی بڑی بہن یا والدہ ہوں جو ان کی طرح دکھائی دیتی ہوں جبکہ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ یہ حبا خود ہوں اور انہوں نے اپنی اصل عمر چُھپائی ہو۔
سوشل میڈیا صارفین کے ان تبصروں نے اداکارہ کی توجہ بھی حاصل کرلی ہے اور اداکارہ ان تبصروں سے محظوظ ہو رہی ہیں اور کہہ رہی ہیں کہ بعض لوگوں کو لگتا ہے کہ مذکورہ وائرل ویڈیو 90 کی دہائی کی ہے اور وہ اسی بنیاد پر میری اصل عمر کا اندازہ لگا رہے ہیں۔