• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامک گیمز کیلئے پی ایس بی کا محدود مالی تعاون کا فیصلہ

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے نومبر میں ہونے والے اسلامک گیمز کے لئے فیڈریشنوں کو جزوی مالی تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،گیمز 7 سے 21 نومبر تک ریاض، سعودی عرب میں ہوں گے۔ پی ایس بی کے اس موقف نے کئی فیڈریشنوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے اور بعض فیڈریشنوں نے ٹیموں کو دستبردار کرنے پر غور شروع کردیا۔ پی ایس بی کا کہنا ہے کہ مالی مسائل کی وجہ سے بھاری رقم خرچ کرنا بہت زیادہ دشوار ہے، فیڈریشن اپنے وسائل سے بھی ٹیموں کی شرکت کے لئے اقدامات کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈریشنوں نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن سے رابطہ کیا ہے۔ پی ایس بی نے کئی فیڈریشنوں کی مالی مدد سے انکار کرکے انہیں اپنے اسکواڈ کو خود فنڈ فراہم کرنے ہدایت کی ہے ۔ دیگر معاملات میں بورڈ نے محدود تعداد میں کھلاڑیوں کو اسپانسر کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، باقی اخراجات کو پورا کرنے کے لیے فیڈریشنوں کو چھوڑ دیا گیا ہے، جن فیڈریشنوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ان میں والی بال، ٹیبل ٹینس، ٹینس، اسنوکر، ہاکی، فٹبال،کراٹے،تائی کوانڈو، سوئمنگ اور دیگر شامل ہیں۔ مالی مسائل کے باعث ان کھیلوں کے لئے تاحال فیڈریشنوں نے تر بیتی پروگراموں کو بھی حتمی شکل نہیں دی ہے۔

اسپورٹس سے مزید