اسلام آباد، لاہور ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ حالیہ بارشوں و سیلاب کے متاثرین کی بحالی ترجیح ہے، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت ادھوری معلومات دے رہا ہے، بھارت نے ایک دفعہ سفارتی ذرائع سے فلڈ کے بارے میں آگاہ کیا لیکن دونوں ممالک کے درمیان یہ طریقہ کار نہیں ہے، بلاول بھٹو نے کہاکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بہت تباہی نظرآرہی ہے اور ماننا چاہیے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور انکی ٹیم بہت محنت کر رہی ہیں، سیلاب کے باعث پنجاب کے زرعی شعبے کو نقصان پہنچا ہے، وزیراعظم سے اپیل ہے کہ زرعی ایمرجنسی ڈکلیئر کی جائے، کسانوں کو بیج اور کھاد میں ریلیف فراہم کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ حالیہ بارشوں و سیلاب کے متاثرین کی بحالی ترجیح ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کے روزحالیہ بارشوں و سیلاب کے نقصانات اور جاری امداد و بحالی کی سرگرمیوں پر جائزہ اجلاس کے دوران کہی جو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔