کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ 8 ستمبر کو گڈو بیراج پر پانی کی سطح انتہائی بلند ہوگی۔ ہمیں تیاری، بروقت انخلا اور ریلیف کیمپس کے قیام کو یقینی بنانا ہوگا۔سندھ بھر میں سیلاب متاثرین کے لئے 528 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں تاہم بے گھر ہونے والے متعدد خاندانوں نے ان کیمپس میں رہائش اختیار نہیں کی۔ اب تک 1,09,320 افراد کو دریائی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ 169ہیلتھ کیمپس میں کام کرنے والی میڈیکل ٹیموں نے 27,801 مریضوں کا علاج کیا۔ یہ بات جمعہ کو وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بتائی گئی،اجلاس میں صوبے بھر میں سیلاب کی صورتحال، تیاریوں اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، محمد علی ملکانی، جام اکرام اللہ دھاریجو، مخدوم محبوب زمان، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری عبدالرحیم شیخ، سیکریٹری لائیو اسٹاک کاظم جتوئی، سیکریٹری ماحولیات زبیر چنا، سیکریٹری بحالی اختر بگٹی، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سلمان شاہ اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔