اسلام آباد ،راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار ،خبر نگار،ایجنسیاں)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان پر پریس کانفرنس کے دوران انڈاپھینک دیا گیا ‘ واقعے میں ملوث دوخواتین کو پولیس نے تحویل میں لے لیا ‘دونوں کا تعلق تحریک انصاف سے ہے ‘وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور راناثناءاللہ نے واقعہ کو گھٹیا حرکت قرار دیدیا‘ وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ انڈے جوتے کی سیاست پی ٹی آئی نے متعارف کرائی ‘وزیرداخلہ محسن نقوی کے مطابق علیمہ خان نے ہی خود پر انڈا پڑوایاہے ‘تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور شرمناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے‘ کوئی ہے جو حالات خراب کرنا چاہتاہے ‘بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نےواقعے ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ ڈرامہ لگا ہوا ہے، آپ سب بیوقوف بنے جا رہے ہیں‘پی ٹی آئی نے ملزمان کے خلاف کارروائی کی درخواست دے دی۔تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے قریب داہگل کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کے دوران علیمہ خان پر انڈا پھینک دیا گیا‘چانک انڈہ لگنے پر علیمہ خان ہکا بکا رہ گئیں،انہوں نے کہا کہ ہمیں فکر نہیں ہم پر کوئی حملہ کرے، ہمیں پتہ تھا یہ ہو گا،واقعے کے بعد افراتفری پھیل گئی اور علیمہ خان میڈیا سے گفتگو ملتوی کرنے کے بعد گاڑی میں بیٹھ گئیں۔