وینزویلا نے منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے ساحلی علاقوں میں فوجیوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔
یہ اقدام امریکا کے کیربیئن جزیرے پورٹو ریکو میں دس ایف-35 لڑاکا طیارے تعینات کرنے کے بعد کیا گیا ہے جو ڈرگ کارٹلز کے خلاف امریکی بحری آپریشن کا حصہ ہوں گے۔
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے زولیاریاست کے علاقے گواجیرا اور فالکن کے جزیرہ نما علاقے پیراگوانا میں مزید فوجیوں کو بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
جزیرے نیوا ایسپارٹا اور ریاست سوکرے اور ڈیلٹا اماکورو میں بھی فوجیوں کی تعداد بڑھائی جائے گی، تقریباً 25 ہزار فوجیوں کو تعینات کیا جائے گا، یہ تعداد کولمبیا کی سرحد سے متصل زولیا اور تاچیرا کی ریاستوں میں تعینات 10ہزار فوجیوں سے زیادہ ہے۔
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے الزام لگایا ہے کہ امریکا حکومت کی تبدیلی کا خواہاں ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے اس الزام کی تردید کر دی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان حالیہ تنازع گزشتہ منگل کو امریکی فورسز کے وینزویلا کی ایک کشتی کو بم دھماکے سے اڑانے کے بعد شروع ہوا تھا۔
امریکا کے مطابق اس کشتی میں اسمگلرز منشیات لے کر امریکا آ رہے تھے، بم دھماکے سے کشتی میں سوار تمام 11 افراد ہلاک ہو گئے۔