• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا ثناء اللّٰہ 250 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب

وزیراعظم شہباز شریف مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ 250 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔

سینیٹ الیکشن کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق سینیٹ الیکشن میں 251 ووٹ کاسٹ ہوئے، جن میں اسے ایک منسوخ ہوا۔

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چوہدری کی نااہلی سے خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ ہوئی تھی۔

پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کیا لیکن نام واپس نہ لینے کے باعث بیلٹ پیپر پر ن لیگ کے رانا ثناء اللّٰہ اور پی ٹی آئی کی سلمیٰ اعجاز کا نام موجود تھا۔

لاہور ہائی کورٹ نے اعجاز چوہدری کی الیکشن روکنے کی درخواست پر عدالت نے سینیٹ کی نشست پر ضمنی الیکشن درخواست کے حتمی فیصلے سے مشروط کردیا ہے۔

اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا تھا کہ اپوزیشن اراکین نے رابطہ کرکے مجھے ووٹ دینے کا کہا، جن کی تعداد 10 سے 12 تھی، لیکن میں نے انہیں منع کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا بائیکاٹ اپنے ممبران پر عدم اعتماد ہے، ان  کا رویہ غیر جمہوری اور غیر سیاسی ہے، بانی پی ٹی آئی کی اندھی تقلید کرنے والے صرف فتنہ و فساد اور انتشار چاہتے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ حکومت یا کسی ادارے کو نہیں پوری قوم کو ان کا راستہ روکنا چاہیے، پی ٹی آئی کے پاس راہ فرار کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

قومی خبریں سے مزید