• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کس نے کہا کہ میری امریکا میں پراپرٹی شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ سے خریدی گئی؟ علیمہ خان

بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے سوال اٹھایا ہے کہ یہ کس نے کہا میری امریکا میں پراپرٹی شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ سے خریدی گئی؟

راولپنڈی میں داہگل ناکے پر اپنی بہن نورین نیازی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میری یہ پراپرٹی حق حلال کے پیسوں کی ہے، ٹیکسٹائل کا کاروبار ہے، ہم ٹیکسٹائل کے ایکسپورٹر ہیں، صحافی کا کام ہے اگر اس کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائے۔

علیمہ خان نے صحافیوں سے کہا کہ آپ غیر متعلقہ سوال کر کے ٹیکسٹائل کے کاروبار کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ایکسپورٹ کا کاروبار کرنے والوں پر آپ الزام لگا رہے ہیں۔

انہوں نے گذشتہ روز صحافیوں پر ہوئے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کل جو بھی ہوا ساری چیزوں کی مذمت کرتی ہوں، یہ سب جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے، جان بوجھ کر لوگوں کو اشتعال دلایا گیا۔

بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے کہا کہ میں نے اپنے بیٹوں کو بھی یہاں آنے سے روکا، وہ آتے تو کیا حال ہوتا، وہ آتے تو ان پر بھی دہشت گردی کے پرچے کٹ جاتے۔

ان کا کہنا ہے کہ دو چار لوگ یہاں آتے ہیں جو جان بوجھ کر بدتمیزی کرتے ہیں، یہ سب جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے، کسی کو مارنا نہیں چاہیے تھا، نہ لڑائی جھگڑا ہونا چاہیے تھا۔

علیمہ خان نے سوال کیا کہ اگر میں نے اپنے اوپر انڈا خود پھینکوایا تو پولیس ان دو خواتین کو بچا کر کیوں لے گئی؟ ہم پر انڈے پھینکے جائیں یا اور کوئی تذلیل کی جائے ہمیں کوئی فکر نہیں۔

قومی خبریں سے مزید