دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام مرکز فیضانِ مدینہ ویانا میں عظیم الشان جلوسِ میلاد و اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اتوار بعداز نماز ظہر دوپہر 2 بجے فیضانِ مدینہ سے پُرامن جلوس کا آغاز ہوا جس میں عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلوس کے دوران نعت خوانی، ذکرِ الہٰی اور حضور نبی اکرم ﷺ پر صلوٰۃ و سلام پیش کیا گیا۔ ویانا 10 ڈسٹرکٹ کی شاہراہیں اور گلی محلوں کی فضا نعرۂ "مرحبا یا مصطفیٰ ﷺ" سے گونجتی رہی۔ میلاد کا جلوس مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا واپس مرکز دعوت اسلامی فیضانِ مدینہ میں احتتام پذیر ہوا۔
جس کے بعد سہ پہر 3 بجے فیضانِ مدینہ کے مرکزی ہال میں اجتماعِ میلاد منعقد ہوا۔ اجتماع سے علما کرام نے ایمان افروز بیانات فرمائے جن میں سیرتِ مصطفیٰﷺ اور سنتوں پر عمل کرنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ اجتماع کے اختتام پر عالمِ اسلام اور بالخصوص امن و سلامتی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔
اس روح پرور اجتماع میں اہلِ ایمان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں شرکاء کی میلاد ڈنر میں پاکستانی روایتی لذیز ڈشوں سے تواضع کی گئی۔