گھنے بال ساری دنیا میں مرد و خواتین کی خواہش بھی ہوتی ہے اور سب سے بڑا مسئلہ بھی۔ دنیا کے کئی معاشروں میں ایسی خواتین کو تعریفی نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے، جن کے بال لمبے اور گھنے ہوں۔ کمزور اور ہلکے بالوں والی خواتین ہمیشہ اپنے بالوں کو چمکدار اور خوب صورت بنانے کی کوششوں میں مصروف رہتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بالوں کی افزائش اور گرنے، ان کی حالت اور معیار کا انحصار بڑی حد تک ہمارے جینز پر ہوتا ہے، مگر ہماری زندگی کے دیگر عناصر بھی بالوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں جس سے وہ کمزور اور خشک ہوکر گرنے لگتے ہیں۔
ان کے بقول ان وجوہات میں غذائیت کی کمی، تناؤ، ہارمونز میں تبدیلیاں، بہت زیادہ برش کرنا اور تھائیرائڈز کےمسائل ہوسکتے ہیں۔تاہم آج ہم آپ کو ایسی غذائیں بتارہے ہیں، جو آپ کے بالوں کو چمکدار، ہموار اور مضبوط رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
سالمن (مچھلی)
سالمن مچھلی اومیگا تھیر فیٹی ایسڈز کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، یہ عنصر ہمارے بالوں کے لیے بہت اچھا ثابت ہوتا ہے جو کہ بالوں کی غدود کو کھول کر صحت بخش نشوونما کو فروغ دیتا ہے۔ جسم میں اومیگا تھری کی کمی کی ایک نشانی سر میں خشکی بھر جانا اور روکھے بال ہوتے ہیں۔
بادام
بادام میں سیلینیئم کہلانے والے کیمیائی مادّے کی مقدار خاصی زیادہ ہوتی ہے جو بالوں کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔ سیلینیئم آپ کے بالوں کو دھوپ سے پہنچنے والے نقصان سے بھی بچاتا ہے۔ ’برازیلی بادام‘ (برازیل نٹ) میں سیلینیئم سب سے زیادہ ہوتا ہے۔
خشک دہی
بازار سے عام ملنے والی دہی لیں اور اسے ململ یا کسی دوسرے باریک کپڑے سے چھان لیں۔ یہ خشک دہی کہلاتی ہے جسے ’’گریک یوگرٹ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس میں وٹامن بی 5 وافر مقدار میں ہوتا ہے، جو بالوں کو پتلا ہونے اور گرنے سے بچاتا ہے۔ صرف ایک پیالہ (200 گرام) خشک دہی کا روزانہ استعمال مفید ہے۔
دالیں
دالیں زنک اور بائیوٹین کے حصول کا اچھا ذریعہ ہیں، جو بالوں کی صحت میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، جب کہ یہ پروٹین کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہیں، جو بالوں کو لمبا کرنے کے لیے ضروری ہے۔ پروٹینز بالوں کے کناروں کو بھی مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں
کیوی فروٹ
یہ پھل ہمارے ہاں عام طور پر چین سے درآمد کیا جاتا ہے۔ کیوی فروٹ میں وٹامن سی اور ای کی وافر مقدار ہوتی ہے اور یہ دونوں مل کر بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ وٹامن سی کی بدولت جسم میں فولاد جذب کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے جب کہ وٹامن ای کھوپڑی میں خون کے بہاؤ میں سہولت پیدا کرتا ہے۔ دن میں ایک کیوی فروٹ کا استعمال کافی ہے۔
پالک
پالک کو غذا کا حصہ بنانا خوراک کے ذریعے غذائیت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے کیونکہ اس میں وٹامنز بی، سی اور ای کے ساتھ ساتھ پوٹاشیم، کیلشیئم، آئرن، میگنیشیم اور اومیگا تھری شامل ہوتے ہیں اور یہ سب اچھے صحت مند بالوں کو درکار ہوتے ہیں۔ پالک میں شامل آئرن خون کے سرخ خلیات کو آکسیجن بالوں کے غدود تک پہنچانے میں خاص طور پر مددگار ثابت ہوتا ہے جو کہ صحت مند بالوں کی نشوونما کے لیے لازمی ہے۔
شکرقندی
شکرقندی بیٹا کروٹین سے بھرپور ہوتی ہے جو کہ جسم میں جاکر وٹامن اے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ اس وٹامن کی کمی کا نتیجہ اکثر خشک جلد کی شکل میں نکلتا ہے جو کہ بالوں میں خشکی اور اس کے جھڑنے کی صورت میں نظر آتا ہے۔ صحت مند سر کی سطح کے لیے غذا میں زیادہ بیٹا کروٹین کو شامل کرنا ضروری ہے اور شکرقندی اس کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔
اوئیسٹر
اوئیسٹر زنک کے حصول کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتے ہیں جو کہ جسم کے لیے بہت اہم اینٹی آکسائیڈنٹ ہے۔ زنک بالوں کی نشوونما میں بھی مدد فراہم کرتا ہے اور سر کی جلد کو خشکی سے بچا کر ان میں نمی صحت مند سطح پر برقرار رکھتا ہے۔
انڈے
پروٹین سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ انڈوں میں بائیوٹین بھی ہوتا ہے۔ بائیوٹن وٹامن بی کی ایک قسم ہے جو کہ سر کی صحت اور بالوں کی نشوونما کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔
اخروٹ
اخروٹ بھی بائیوٹین کے حصول کے لیےبہترین ہوتے ہیں۔ یہ بالوں کو سیدھا رکھنے اور ان کے گرنے کی رفتار کو بھی کم کرتا ہے۔ اخروٹ میں وٹامن ای بھی موجود ہوتا ہے، جس کی کمی بالوں کو کمزور کردیتی ہے اور وہ آسانی سے ٹوٹنے لگتے ہیں۔
گاجر
کیروٹین اور وٹامن اے سے بھرپور یہ سبزی بالوں کو جگمگا دیتی ہے اور ان کو قدرتی کنڈیشنر فراہم کرتی ہے۔ یہ بالوں میں قدرتی تیل کی سطح کو برقرار رکھتی ہے اور خشکی نہیں ہونے دیتی۔
چکن
مرغی کا گوشت پروٹین سے بھرپورہوتا ہے۔ معیاری پروٹین صحت مند بالوں کے لیے ضروری ہے اور اس کے بغیر یا ناقص معیار کے نتیجے میں بالوں کی تباہی یقینی ہوجاتی ہے۔ پروٹین کی کمی بالوں کی رنگت کے اُڑنے یا ان کے سفید ہوجانے کا باعث بھی بن جاتی ہے۔
کدّو کے بیج
یہ زنک اور کاپر سے بھرپور ہوتے ہیں، جن کی وجہ سے بالوں کی جڑوں میں موجود خلیات صحت مند رہتے ہیں جب کہ کھوپڑی میں تیل خارج کرنے والے غدود (گلینڈز) کی نشوونما بھی بہتر ہوتی ہے۔ روزانہ کدّو کے صرف مٹھی بھر بیج آپ کے بالوں کو خوبصورت بنانے میں بڑی مدد کرسکتے ہیں۔