برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں ہفتے کی رات اچانک ایک مکان میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں مکان ملبے کا ڈھیر بن گیا۔
دھماکے کے فوراً بعد فائر بریگیڈ اور پولیس کی بھاری نفری ساؤتھ فیلڈ لین پر پہنچ گئی اور اردگرد کے گھروں کو بھی خالی کرا لیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ مکان کی چھت مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ دیواریں اور شہتیر کھلے آسمان تلے نمایاں تھے۔
ایک موقع پر پولیس اہلکاروں کو قریبی مکان کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوتے بھی دیکھا گیا۔
ویسٹ یارکشائر فائر اینڈ ریسکیو سروس کے ترجمان نے بتایا کہ رات 10 بج کر 8 منٹ پر دھماکے کی اطلاع ملی۔
جائے وقوع پر پہنچنے کے بعد معلوم ہوا کہ یہ ایک مکان میں دھماکا تھا تاہم آگ بھڑکنے کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔
ابتدائی طور پر 2 زخمیوں کو طبی امداد دی گئی جو ہوش میں تھے اور انہیں پیرا میڈیکس کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ کچھ افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ٹیکنیکل ریسکیو یونٹ اور سرچ ڈاگ ٹیم کو طلب کیا گیا ہے۔
یارکشائر ایمبولینس سروس کے ترجمان کے مطابق رات 10 بج کر 11 منٹ پر کال موصول ہوئی اور بڑی تعداد میں ایمبولینسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئیں۔