• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹوبھان روڈ کی تعمیر کا کام ایک سال سے سست روی کا شکار

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد کی مصروف ترین شاہراہ پر ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا‘ آٹو بھان روڈ کی تعمیر کا کام ایک سال سے سست روی کا شکار ہے لیکن ٹھیکیدار کی جانب سے متبادل راستہ فراہم نہ کرنے سے بدترین ٹریفک جام نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآبادکی مصروف ترین شاہراہ آٹوبھان گزشتہ 3ماہ سے بدترین ٹریفک جام کا شکار ہے جہاں 12گھنٹے سے ز ائد اوقات ٹریفک جام معمول بن گیا ہے‘ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں ایک درجن سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار بھی ناکام ہیں‘ ٹریفک پولیس اہلکاروں کے مطابق آٹوبھان شاہراہ ایک سال سے زیر تعمیر ہے جس کا تعمیراتی کام انتہائی سست روی کاشکار ہے ‘ ناتجربہ کار ٹھیکیدار نے سڑک کو جگہ جگہ سے کھود دیا ہے‘ جگہ جگہ تعمیراتی میٹریل ڈال دیا ہے اور بھاری مشینری کھڑی کردی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے ‘ جلدبازی کے چکر میں ڈرائیور گاڑی ایک سمت سے دوسری سمت لے جاتے ہیں جس کے باعث ٹریفک جام ہوجاتا ہے اور روکنے پر تلخ کلامی و گالم گلوچ ہوتی ہے‘ٹھیکیدار کی ناتجربہ کاری نے لاکھوں شہریوں کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے‘ متبادل راستہ نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام سے گاڑیوں میں فیول ختم ہونے سے فیملی گاڑیوں میں پھنس کر رہ جاتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور ٹھیکیدار کی جانب سے حکمراں جماعت کو خوش کرنے کے لئے آٹوبھان روڈ مین حصہ تو راتوں رات بنادیا لیکن عام شہریوں کو اذیت میں مبتلا کررکھا ہے ‘ ایک سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا آٹوبھان روڈ تعمیر ہورہا ہے ‘ تعمیراتی کام انتہائی سست روی کاشکار ہے۔

ملک بھر سے سے مزید