لاہور (کرائم رپورٹر)لاہورپولیس کی جانب سے سینئر کرائم رپورٹرز کے خلاف پروپیگنڈہ مہم ، پیکا ایکٹ کے تحت تھانہ ڈیفنس ( سی بلاک ) میں مقدمات کے اندراج کی کوشش اور شاہدرہ میں کرائم رپورٹرزپرپولیس تشدد کے خلاف پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کا صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے بائیکاٹ، صحافی تنظیموں کی جانب سے دی جانے والی احتجاج کی کال پر کرائم رپورٹرز کی کثیر تعداد پنجاب اسمبلی پہنچی۔ ایوان کے باہر لاہورپولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔صحافیوں کے احتجاج کے پیش نظر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے صحافیوں کے مسائل سے آگاہی اور واک آؤٹ کے خاتمے کے لئے چیف وہپ مسلم لیگ ( ن ) رانا ارشد کی سربراہی دورکنی کمیٹی تشکیل دی۔ پنجاب اسمبلی میڈیابریفنگ ہال میں پنجاب یونین آف جرنلسٹس جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی، نائب صدر ندیم ضعیم، فوٹوگرافرز ایسوسی ایشن لاہور کے صدر وسیم نیاز، پریس گیلری کمیٹی کے صدر خواجہ نصیر نے خطاب کیا یپاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری و لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری کا کہناتھاکہ صحافی کسی ادارے کے ساتھ ٹکراؤ نہیں چاہتے مگر سچ پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، رہنماؤں پر پیکا ایکٹ کے تحت اندراج مقدمہ کی کوشش قابل قبول نہیں ، اس موقع پر صحافیوں سے مذاکرات کے لئے آنے والی حکومتی ٹیم کے سربراہ رانا محمد ارشد کا کہناتھا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کے خلاف کسی قسم کے اوچھے ہتھکنڈے کو قبول نہیں کرے گی۔