تہران ( جنگ نیوز)وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کیساتھ تجارتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،سڑک، ریل، بحری اور فضائی منصوبے وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطی ٰ کیلئے گیٹ وے ثابت ہونگے، کاروبار و سرمایہ کاری ہماری تجارتی پالیسی کا بنیادی جزو ہیں۔ ریل، بحری و فضائی رابطوں سے خطے میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ جام کمال اور ایران کی وزیر برائے شاہرات و شہری ترقی فرزانہ صادق نے پیر کو تہران میں پاک ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22ویں اجلاس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی خطاب میں جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور تجارت و سرمایہ کاری ہماری تجارتی پالیسی کا بنیادی جزو ہیں۔ نجی شعبہ اور چیمبرز آف کامرس تجارتی حجم بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کریں، حکومت ایران کے ساتھ کاروبار کرنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔