اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور اسرائیلی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی ولی عہد سے ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرِاعظم نے اسرائیلی اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی ایک دانستہ کوشش قرار دیا۔وزیرِ اعظم نے اس نازک گھڑی میں اُمت مسلمہ کو متحد کرنے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جرأت مندانہ اور بصیرت افروز قیادت کو سراہا۔