کوئٹہ( پ ر)بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری میر طارق رئیسانی نے لوکل گورنمنٹ میں ہونے والے حالیہ ٹینڈرز میں مبینہ اقربا پروری کو گورنمنٹ کنٹریکٹرز کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیرٹھیکیداروں کو ٹینڈرز جاری کئے جارہے ہیں ۔ ایک بیان میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض افسران مبینہ طور پر وزیراعلیٰ ، مشیر بلدیات ، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کا نام استعمال کرکے من پسند لوگوں کو ٹھیکے دے رہے ہیں ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور محکمہ انسداد کرپشن سے بے قاعدگیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنمنٹ کنٹریکٹرز کے معاشی قتل عام کا تدارک کیا جائے ۔ انہوں نے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو روز میں بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔