کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل بلوچستان موٹر سائیکل بارگین ایسوسی ایشن کوئٹہ کے صدر حاجی باز محمد خلجی نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز کی نااہلی کے باعث 7000 موٹر سائیکلیں کریک ڈاون میں بند کردی گئی ہیں ، موٹر سائیکلوں کے کاغذات اور نمبر پلیٹیں بروقت نہ بنانے اور فیسوں میں سالانہ اضافہ ناقابل قبول ہے تاجر تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے اور احتجاج کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر زمان ترین ، راز محمد کاکڑ ، بابر عقیل ، اعجاز الحق ، روزی خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کاغذات بک فیس 700 روپے ، نمبر پلیٹ فیس 1200 روپے ، رٹن فائل 200 روپے اور رجسٹریشن فیس 2355 روپے ، لائف ٹائم ٹیکس بینک چالان کے ذریعے قانونی طریقے سے جمع کراتے ہیں ۔ مگر محکمہ ایکسائز میں ہم سے بلاجواز طور پر رقم وصول کرنا ناجائز اور ناانصافی ہے ۔ بک ختم کرکے کارڈ جاری کیے جارہے ہیں ہم کارڈ اور نمبر پلیٹ 1800 روپے میں قبول نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کے خلاف حکومتی کریک ڈاون جاری ہے جس میں شہریوں اور ایسوسی ایشن نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا لیکن اس کی آڑ میں جاری مبینہ کرپشن اور ناانصافی نے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے ۔ محکمہ ایکسائز کی نااہلی کے باعث 36 ہزار موٹر سائیکلوں کو نمبر پلیٹ نہیں ملے ہیں بند موٹر سائیکل کی محکمہ ایکسائز بک نہیں دیتا ، محکمہ کی غفلت کے باعث خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے اس حو الے سے حکام بالا سے ملاقاتیں کیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔ انہون نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو تاجر تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے ملکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے شدید احتجاج کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔