دہلی(نیوز ڈیسک)دہلی یونیورسٹی طلبا یونین الیکشن میں آر ایس ایس سے منسلک طلبہ تنظیم کامیاب ہوگئی ہے،کانگریس کی حامی طلبا تنظیم این ایس یو آئی محض ایک نائب صدر کا عہدہ حاصل کرسکی ۔ اے بی وی پی نے صدر کے عہدہ سمیت 3 سیٹوں پر قبضہ جما لیا ہے۔ جمعہ کے روز اس انتخاب کا نتیجہ برآمد ہوا جس میں کانگریس کی طلبا تنظیم این ایس یو آئی نے محض ایک نائب صدر عہدہ پر کامیابی حاصل کی۔ اس طرح دیکھا جائے تو این ایس یو آئی کو گزشتہ طلبا یونین انتخابات کے مقابلے ایک عہدہ کا نقصان ہوا ہے۔ گزشتہ بار این ایس یو آئی نے صدارتی عہدہ پر بھی قبضہ کیا تھا۔صدر عہدہ پر اے بی وی پی کے آرین مان، سکریٹری عہدہ پر کنال چودھری اور جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر دیپیکا جھا نے جیت درج کی ہے۔ نائب صدر عہدہ کے لیے کھڑے اے بی وی پی امیدوار گووند تنور کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔