پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ صائمہ نور ایک بار پھر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں، حال ہی میں نشر ہونے والے نجی ٹی وی کے ڈرامے میں ان کا ڈانس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
ڈرامے کی کہانی جہاں رومانوی اور متنازع پہلوؤں کی وجہ سے شہرت پا رہی ہے، وہیں سجل علی کی شادی کے ڈرامائی مناظر میں صائمہ نور، جو سجل علی کی خالہ کا کردار ادا کر رہی ہیں، اپنے ہی مشہور پنجابی فلم ماجاں کے گانے پر رقص کرتی نظر آئیں۔
یہ لمحہ دیکھ کر مداح خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے، کیونکہ صائمہ نے اپنے کلاسک فلمی رقص کو پہلی بار ٹی وی اسکرین پر دہرا کر ماضی کی یاد دلا دی۔
اس منظر میں ان کے ساتھ دیگر خواتین بھی شریک تھیں، جس میں سینئر اداکارہ صبا فیصل بھی تھیں، جو چند لمحوں کے لیے ان کے ساتھ رقص کرتی دکھائی دیں۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بے شمار مثبت تبصرے سامنے آئے، کئی صارفین نے کہا کہ صائمہ نے اپنے فلمی تاثر کو ڈرامے میں بخوبی سمو کر چھوٹی اسکرین پر ایک نیا جادو جگا دیا۔