• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا بیان مسترد، ایک انچ زمین بھی کسی کو نہیں دینگے، امریکا سے مزید 20 سال لڑنے کو تیار، افغانستان

کابل(نیوز ڈیسک)افغانستان نے کہا ہے کہ ملک کی ایک انچ زمین بھی کسی کو نہیں دیں گے، امریکا سے مزید 20سال لڑنے کو تیار ہیں۔ امریکی صدر کی دھمکیوں پر رد عمل دیتے ہوئے افغان وزیر دفاع محمد یعقوب مجاہد نے کہا کہ بیرونی فوج کی موجودگی بحال کرنے کی کسی بھی کوشش کی صورت میں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا ہمیں کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، افغانستان کی آزادی اور علاقائی سالمیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ افغانستان کی طالبان حکومت نے بگرام ایئر بیس کو دوبارہ حاصل کرنے کی امریکی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ، اگر امریکا کو ہمارے اڈے واپس چاہئیں تو ہم اس سے اگلے 20سال مزید لڑنے کے لیے تیار ہیں، بیرونی فوج کی موجودگی بحال کرنے کی کسی بھی کوشش کی صورت میں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔یہ پیش رفت امریکی صدر کی جانب سے بگرام ایئربیس واپس نہ کرنے کی صورت میں افغانستان کو دی گئی سنگین نتائج کی دھمکی کے بعد سامنے آئی ہے۔ افغان وزیر دفاع محمد یعقوب مجاہد نے میڈیا سے گفتگو میں اس اسٹریٹجک ایئربیس کو دوبارہ حاصل کرنے کی خواہش کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ہمارا جواب یہ ہے کہ اگر آپ واپس آنا اور اڈے لینا چاہتے ہیں تو ہم آپ کے خلاف اگلے 20 سال تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔واضح رہے کہ افغانستان کے وزیر دفاع ملایعقوب امارت اسلامیہ افغانستانی کے بانی امیر ملا عمر مجاہد کے فرزند ہیں۔جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس کے نائب اول ملا تاجمیر جواد نے کہا کہ افغان حکومت موجودہ نظام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
اہم خبریں سے مزید