کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ناگن چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر جاں بحق جبکہ راہگیر زخمی ہوگیا، ایس ایچ او کے مطابق دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے محمد اسماعیل کو ٹارگٹ کرکے فائرنگ کی۔ عینی شاہد کے مطابق ملزمان نے مقتول سے مبینہ طور پر موبائل فون چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر اس پر فائرنگ کی ۔ تفصیلات کے مطابق نیوکراچی تھانے کی حدود سیکٹر 11 ای ناگن چورنگی صدیق اکبر مسجد کے قریب جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مسلح موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے آن لائن موٹر سائیکل رائیڈر جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوگیا ۔مقتول کی لاش اور زخمی راہگیر کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مقتول کی شناخت 55سالہ محمد اسماعیل ولد محمد عیسیٰ جبکہ زخمی ہونے والے راہگیر کی 17 سالہ سہیل ولد عبدالرشید کے نام سے ہوئی۔کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے پہلے بتایا گیا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا تاہم ایس ایچ او نیو کراچی سعود کے مطابق دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر محمد اسماعیل کو ٹارگٹ کرتے ہوئے فائرنگ جس کے نتیجے میں اسماعیل کے پیٹ میں دو گولیاں لگیں جس سے وہ جاں بحق ہو گیا جبکہ زخمی ہونے والا سہیل راہگیر ہے جو فائرنگ کی زد میں آیا۔