لاہور (آصف محمود بٹ ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی(CSA)نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE)کے اشتراک سے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے تقریباً سو افسران کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے پانچ تربیتی مراحل مکمل کر لیے ، گورننس و اخلاقی قیادت پر زور ،سی ایس اے کے ڈائریکٹر (کیپیسٹی بلڈنگ) ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی نے کہا کہ اکیڈمی اب عملی تربیت پر مبنی ایک نئے تعلیمی ماڈل کی جانب گامزن ہے جو گورننس میں اہلیت، دیانت اور جدت کو فروغ دیتا ہے۔ ان پروگراموں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سے لے کر ڈائریکٹر جنرل سطح تک کے افسران نے حصہ لیا۔ اکیڈمی کے مطابق یہ اقدام وفاقی حکومت کے ’’اُڑان پاکستان‘‘ پروگرام کے تعلیم اور عمدگی کے ستونوں سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر مسابقتی انسانی وسائل تیار کرنا ہے۔سی ایس اے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق نصاب میں نظری اور عملی دونوں پہلو شامل تھے، جن میں لیڈرشپ اور تبدیلی کا نظم، اٹھارویں ترمیم کے بعد ایچ ای سی کا کردار، حکمتِ عملی و مالی نظم، منصوبہ بندی، وسائل کی تنظیم، پبلک اسپیکنگ، تنازعات کے حل کے طریقے، اخلاقیات و جواب دہی، اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل جیسے موضوعات شامل تھے۔ پانچویں تربیتی مرحلے کی اختتامی تقریب 31 اکتوبر کو منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی NAHE کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منیر احمد تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی نے مزید کہا کہ علمی اداروں سے شراکت داری کے ذریعے نظری اور عملی پہلوؤں میں فاصلہ کم کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر منیر احمد نے سی ایس اے اور این اے ایچ ای کی شراکت کو بین الادارہ جاتی تعاون کی ایک مثالی کوشش قرار دیتے ہوئے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اس تربیت کو اپنے اداروں میں بہتر سروس ڈیلیوری، گورننس اور پالیسی کے نفاذ کی صورت میں عملی جامہ پہنائیں۔سی ایس اے کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ نے تمام پانچ تربیتی مراحل کی کامیاب تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایچ ای سی ، وزارتِ تعلیم کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی نے بدلتے عالمی و تکنیکی تقاضوں کے پیشِ نظر مختلف پیشہ ورانہ کمیونٹیز کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں۔ اکیڈمی نے حال ہی میں 53ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے 136 افسران کو ملک کی 10 جامعات میں تعینات کیا تاکہ وہ براہِ راست اعلیٰ تعلیم کے نظم و نسق کا مشاہدہ کر سکیں۔سی ایس اے اور این اے ایچ ای کے مطابق یہ پانچ تربیتی مراحل مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کے ایک پائیدار فریم ورک کی بنیاد فراہم کرتے ہیں جو اخلاقی قیادت، جذباتی ذہانت اور جدت پسندی کے امتزاج سے ایسی قیادت پیدا کرے گا جو دیانتدار، باصلاحیت اور دوراندیش ہو۔ تقریب کا اختتام سرٹیفکیٹس کی تقسیم اور ڈائریکٹر جنرل کے حوصلہ افزا کلمات پر ہوا جنہوں نے عوامی خدمت کے لیے پیشہ ورانہ دیانت اور وژن کی اہمیت پر زور دیا۔