اسلام آباد(صالح ظافر) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے عباس درویش لاری، چیئرمین لاری ایکسچینج کے ہمراہ پیر کے روز ابوظہبی میں پاکستان کے سفارتخانے میں نئے تزئین و آرائش شدہ نادرا ہال کا افتتاح کیا۔سفارتخانے کے مطابق، سفیر فیصل ترمذی نے لاری ایکسچینج کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے فیاضی کے ساتھ اس سہولت کی تزئین و آرائش میں تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ قونصلر ہال کے حالیہ افتتاح اور اب اپ گریڈ کیے گئے نادرا ہال کے ساتھ، سفارتخانے کی وزیٹرز کے لیے نشستوں کی گنجائش 200 سے بڑھ کر 500 ہو گئی ہے، جس سے کمیونٹی ممبران کے لیے خدمات کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔سفیر نے کہاکہ "مجھے خوشی ہے کہ ہماری اجتماعی کاوشوں سے پاکستانی شہری اب سفارتخانے میں خدمات حاصل کرتے وقت زیادہ مؤثر رسائی اور بہتر سہولتوں کا تجربہ کر سکتے ہیں۔"سفیر ترمذی نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی ہمیشہ یہ ترجیح رہی ہے کہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں اضافہ ہو اور پاکستان کے مشن برائے یو اے ای کے ذریعے مؤثر قونصلر خدمات فراہم کی جائیں۔لاری ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو فواد عباس درویش لاری کی جانب سے کسٹمر سروسز ڈپارٹمنٹ کے سربراہ سید ذوالفقار حیدر بلگرامی نے سفیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں کمیونٹی ویلفیئر منصوبے پر تعاون کا موقع دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاری ایکسچینج یو اے ای میں ہزاروں پاکستانیوں کی خدمت کے لیے پرعزم ہے اور قانونی و شفاف چینلز کے ذریعے رقوم کی ترسیل کو سہل بنا رہا ہے۔سفیر نے محترمہ کرن کاظمی (ہیڈ آف چانسلری) اور ان کی ٹیم کے ساتھ ساتھ لاری ایکسچینج کی مؤثر ہم آہنگی اور بروقت منصوبے کی تکمیل پر بھی تحسین کی۔ انہوں نے نادرا ہال میں اپنی رضاکارانہ فنکارانہ خدمات فراہم کرنے پر مسٹر منظور کے۔ حسرت کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔افتتاحی تقریب میں سفارتخانے کے حکام اور یو اے ای میں مقیم بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔