امریکا، اقوام متحدہ (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موسمیاتی تبدیلی کو "اب تک کا سب سے بڑا دھوکا" قرار دیا ، انہوں نے الزام لگایا کہ کاربن فٹ پرنٹس (گرین ہاؤس گیسز)کا تصور "ایک فریب" ہے،اسے شیطانی عزائم رکھنے والے لوگوں نے ایجاد کیا ہے اور وہ مکمل تباہی کی راہ پر گامزن ہیں،یورپی ممالک غیر قانونی تارکین وطن کیلئے سرحدیں کھول کر جہنم بن رہے ہیں، انہوں نے جرمنی، سوئٹزرلینڈ اور یونان اور دیگر ممالک کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کی جیلوں میں موجود بیشتر قیدی غیر ملکی ہیں،اقوام متحدہ غیر قانونی تارکین وطن کا سرپرست اور مغربی ممالک پر ان کی یلغار کروارہا ہے، ان کا اشارہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی جانب تھا ،غیر قانونی تارکین وطن او ر قابل تجدید توانائی آزاد دنیا کیلئے بڑا خطرہ ہیں،ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی چاہتے ہیں ، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا حماس کیلئے انعام ہوگا، حماس سے زندہ اور مردہ قیدیوں کی واپسی چاہتے ہیں،ایران کو جوہری ہتھیار کبھی حاصل نہیں کرنے دیں گے، ایران کی جوہری صلاحیت مکمل تباہ کردی،اقوام متحدہ ایک ناکام ادارہ بن چکا ہے،اقوام متحدہ امن کیلئے کام نہیں کررہا ہے، اس میں اصلاحات کرنا چاہتا ہوں ، میں نے پاک بھارت سمیت 7جنگیں بند کروائیں، اقوام متحدہ نے کسی بھی جنگ بند کروانے میں مدد نہیں کی،منگل کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مغربی دنیا کے کسی بھی دارالحکومت کے پہلے مسلمان میئر صادق خان پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ لندن میں شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ یورپی اتحادی فوری طور پر روس سے تیل خریدنا بند کریں، انہوں نے چین و بھارت پر الزام لگایا کہ وہ اپنی خریداریوں کے ذریعے یوکرین کی جنگ کو مالی امداد فراہم کر رہے ہیں۔