اسلام آباد(جنگ رپورٹر) سپریم کورٹ آئینی بینچ نے ʼʼسپر ٹیکس نفاذ متعلق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 4بی ʼ ʼکے خلاف دائر مقدمہ کی مزید سماعت آج تک ملتوی کردی،دوران سماعت جسٹس جمال خان مندو خیل نے کہا کہ ٹیکس ریکوری ہو جاتی تو یہ اضافی ٹیکس لگائے ہی نہ جاتے، آپ کیا چاہتے ہیں کتنا ٹیکس لگایا جاتا ؟ ٹیکس دہندہ کمپنیوں کے وکیل احمد سکھیرا نے کہا نے 215 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنا غلط ہے ،15 کروڑ سے کم کمائی پر سپر ٹیکس نہیں لگتا جتنی کمائی اوپر ہو اس پر لگایا جائے۔سینئر جج ،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس محمد علی مظہر،جسٹس سید حسن اظہر ر ضوی اورجسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل پانچ رکنی آئینی بینچ نے منگل کے روز مقدمہ کی سماعت کی ۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آپ تو ٹیکس ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں۔