کراچی (اسٹاف رپورٹر) مالی سال 2024 میں کے۔الیکٹرک کو 4.13 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع ہوا، ٹیرف میں نمایاں اضافہ اور افراطِ زر کی شرح کے دباؤ نے صارفین کی ادائیگی کی صلاحیت کو متاثر کیا۔ کے الیکٹرک نے مالی سال 2024 کے مالی نتائج کا اعلان کردیا۔ کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 23 ستمبر 2025ء کو منعقدہ اجلاس میں 30 جون 2024ء کو ختم ہونے والے مالی سال کیلئے کمپنی کے مالی نتائج کی منظوری دیدی ہے۔ کے الیکٹرک اعلامیے کے مطابق مالی سال 2024 میں پاکستان کی معیشت مجموعی طور پر سست روی کا شکار رہی اور معاشی سرگرمیوں میں معمولی بہتری دیکھنے میں آئی، حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 2.51 فیصد رہی جبکہ افراط زر اور مونیٹری پالیسی کی شرح بدستور بڑے چیلنج کے طور پر موجود رہے۔