پشاور (اے پی پی)ضلعی انتظامیہ پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری سیل کر کے مالک کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ پشاورکی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی قیادت میں یوسف آباد رنگ روڈ پرادویات بنانے والے فیکٹری کا معائنہ کیا، جہاں بڑی مقدار میں غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات برآمد کی گئیں جس پر فیکٹری کو فوری طور پر سیل کر کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثنا اللہ خان کے مطابق عوام کی جانوں اور صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر شہر میں کسی بھی جگہ جعلی یا غیر معیاری ادویات کی تیاری یا فروخت کی سرگرمیاں جاری ہوں تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ ایسے غیر قانونی دھندے کے خلاف بروقت اور سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔