پشاور (جنگ نیوز )قومی وطن پارٹی کے صو بائی چیئر مین سکندر حیات خان شیر پائو نے تنگی تحصیل ہیڈ کورٹر ہسپتال میں خواتین و مرد ڈاکٹرز کی کمی اور ضروری سہولیات کی عدم دستیابی کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا کو قومی وطن پارٹی کی طرف سے ایک خط لکھا ہے۔ انہوں نے خط کے متن میں لکھا ہے کہ تحصل ہیڈکورٹر ہسپتال تنگی میں میل اور فی میل ڈاکٹرز کی شدید قلت کے ساتھ ساتھ ضروری سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ انہوں نے اس بات پر زرو دیا ہے کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی اور سہولیات کی دستیابی کے مسئلے کو اولین فرصت میںترجیخی بنیادوں پر جلد از جلد حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ طبی عملے اور خاص طور پر خواتین ڈاکٹرز کی کمی ہسپتال کی بنیادی صحت اور طبی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔