کراچی (جنگ نیوز) عورت کا ریپ، عدالت میں شنوائی، وکلاء کی بحث، اثر و رسوخ، دباؤ، سوشل میڈیا اور میڈیا پر لڑائی، لوگ کیا کہیں گے؟ اور اِس جیسے جملوں کی وجہ سے ہزاروں خواتین چپ رہنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔ جرم پنپتا ہے، عورت انصاف سے محروم رہ جاتی ہے۔ ”جیو اور سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ لارہے ہیں باہمت خاتون کے انصاف کے حصول کی کہانی ”کیس نمبر9“۔ ”جیونیوز“ کے معروف اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ کے قلم سے لکھی گئی ڈرامہ سیریل ”کیس نمبر 9“ کی پہلی قسط بدھ کی شب 8 بجے ”جیو ٹی وی“ پر نشر کی جائے گی۔ ایک ایسا جرم جو روزانہ ہوتا ہے مگر ایسا کیس جو آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھا، ڈرامے کے ہدایتکار ”خدا اور محبت“ اور ”خئی“ جیسے ڈراموں کے ڈائریکٹر سید وجاہت حسین ہیں۔ایک منفرد اور معرکۃ الآراء ڈرامہ ”کیس نمبر9“ ناظرین کیلئے ایک متاثرکن کہانی لے کر آرہا ہے، جس میں ایک باہمت اور نڈر لڑکی ”سحر“کے کردار کو بہت ہی منفرد انداز میں دکھایا گیا ہے۔ یہ کردار معاشرتی بندشوں کو چیلنج کرتے ہوئے دوسروں کیلئے ہمت اور مزاحمت کی علامت بن جاتا ہے۔ڈرامے میں سحرکا کردار ادا کرنے والی فلم اور ٹیلی ویژن کی نامور اداکارہ ”صبا قمر“ ہیں جنہیں ایک خوداعتماد اور باصلاحیت لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہےجبکہ ایک اور اہم کردار ”کامران“ ہے جو صف اول کے اداکار فیصل قریشی نے انجام دیا ہے، سحر طاقتور اور انا پرست بزنس مین کے سامنے جھکنے سے انکار کرتی ہے۔ کامران اپنی انا اور طاقت کے زور پر سحر کو جھکانے کی کوشش کرتا ہے لیکن کہانی سحر کے حوصلے، جدوجہد اور مزاحمت کے گرد گھومتی ہے۔