کراچی (بابر علی اعوان)صدر ٹرمپ کا بچوں کو بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسینز پر متنازعہ بیان، آٹزم پر بڑے اعلان کا عندیہ۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بچوں کو لگائی والی ویکسینز کے حوالے سے متنازعہ رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومولود بچوں کو دی جانے والی خوراکیں ضرورت سے زیادہ اور جانوروں کو لگائی جانے والی دواؤں جیسی ہیں۔ صدر ٹرمپ ایریزونا میں چارلی کرک کی یادگاری تقریب سے خطاب کے بعد وائٹ ہاؤس واپس آرہے تھے جب ایئر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے ویکسینز اور آٹزم سے متعلق سوالات کے جواب دیے۔ ایک صحافی نے پوچھا کہ کیا وہ پیر کے روز اپنے مجوزہ اعلان میں ویکسینز کو آٹزم سے جوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو صدر ٹرمپ نے کہا کہ ویکسینز دلچسپ ہیں، اچھی بھی ہو سکتی ہیں لیکن جب ان میں غلط چیزیں شامل کر دی جاتی ہیں تو نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔