بالی ووڈ کی متنازع شخصیت راکھی ساونت ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں، دبئی میں قیام پذیر بھارتی رقاصہ نے حال ہی میں مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا اور اس کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیو میں راکھی تلبیہ پڑھتے ہوئے نظر آئیں اور انہوں نے بالی ووڈ اسٹار سلمان خان سے بھی اپیل کی کہ وہ عمرہ کرنے کے لیے مکہ مکرمہ آئیں۔
راکھی نے کہا کہ سلمان بھائی آپ ایک بار یہاں آ جاؤ، میں نے پانچ بار عمرہ کیا ہے، آپ بھی آؤ اور عمرہ کرو، سلمان بھائی میں آپ کے لیے دعا مانگتی ہوں، سب کے لیے دعا مانگتی ہوں، میرا دیش اور میرے بھائی بہن سلامت رہیں، میری ماں کو جنت ملے۔
واضح رہے کہ راکھی ساونت اس وقت دبئی میں ہیں تاکہ اپنے خلاف درج فحش ویڈیو لیک کیس میں گرفتاری سے بچ سکیں۔
خیال رہے کہ راکھی ساونت نے 2022ء میں اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام فاطمہ رکھا تھا۔
انہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد عادل خان درانی سے شادی کی تھی، انہوں نے 2023ء کے آغاز میں اسلام قبول کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
2023ء سے راکھی ساونت رمضان المبارک میں عمرہ ادا کرنے کی خواہش مند تھیں تاہم اس وقت انہیں تبدیلیٔ مذہب کی وجہ سے عمرے کے ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا تھا بعد ازاں یہ مسئلہ حل ہو گیا تھا۔
انہوں نے جون 2023ء میں پہلا عمرہ ادا کیا تھا، جبکہ 2025ء کا آغاز بھی انہوں نے عمرے کی ادائیگی سے کیا اور گزشتہ ماہ انہوں نے 10 پاکستانیوں سمیت 20 افراد کو عمرے پر بھیجنے کا اعلان بھی کیا تھا۔