کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمٰن قمبرانی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ایڈمنسٹریٹر مجیب الرحمن قمبرانی نے چارج سنبھالنے کے بعد صوبائی مشیر کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی ۔ نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر کی ترقی اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کا کردار نہایت اہم ہے ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ایڈمنسٹریٹر کو مزید فعال کردار ادا کرنا ہوگا ، صوبائی مشیر بلدیات نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان حکومت اور محکمہ بلدیات کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ کو ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے ، اس موقع پر چیف آفیسر عطا اللہ بازئی اور ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری بھی موجود تھے ۔